شیخ الحدیث والتفسیر مفکرِ اسلام علامہ محمد عبد الحکیم شرف قادری (رحمۃ اللہ علیہ) کی علمی، تحقیقی اور روحانی خدمات پر مبنی ویب سائٹ پر خوش آمدید۔

شرفِ ملت حضرت علامہ مولانا محمد عبدالحکیم شرف قادری رحمۃ اللہ علیہ

علم و تحقیق، تدریس و تصنیف اور عشقِ رسول ﷺ کا روشن باب

آپ کی پوری زندگی قرآن و سنت کی ترویج، عشقِ رسول ﷺ کے فروغ اور عقائدِ اہلِ سنت کے تحفظ سے عبارت ہے۔”


حضرت علامہ مولانا محمد عبدالحکیم شرف قادری رحمۃ اللہ علیہ برصغیر پاک و ہند کے ممتاز عالمِ دین، فقیہ، محدث، محقق، مصنف اور صاحبِ قلم شخصیت تھے۔ آپ نے اپنی پوری زندگی علومِ اسلامیہ کی تدریس، دینی و علمی تصنیف، اشاعتِ اہلِ سنت اور فروغِ فکرِ رضا کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ آپ کی شخصیت علم و عمل، تحقیق و تدبر اور محبتِ رسول ﷺ کا حسین امتزاج تھی۔

آپ نے جامعہ رضویہ فیصل آباد، جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور اور دیگر علمی مراکز سے کسبِ فیض کیا۔ ۱۹۶۵ء میں تدریسی خدمات کا آغاز فرمایا اور بعد ازاں جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور میں طویل عرصہ صدر مدرس اور شیخ الحدیث کی حیثیت سے علمِ حدیث و دیگر علومِ دینیہ کی تدریس فرماتے رہے۔ ہری پور اور چکوال میں بھی تدریس، افتاء اور دینی و علمی تنظیمی خدمات انجام دیں۔ آپ کے حلقۂ درس سے متعدد اہلِ علم اور علما و فضلا نے استفادہ کیا۔

تصنیف و تحقیق کے میدان میں آپ کی خدمات نہایت وسیع اور قابلِ قدر ہیں۔ آپ نے فقہ، عقائد، سیرت، تاریخ اور اکابرِ اہلِ سنت کے موضوعات پر گراں قدر علمی سرمایہ یادگار چھوڑا۔ آپ کی معروف تصانیف میں یادِ اعلیٰ حضرت، تذکرہ اکابر اہلِ سنت، مسائلِ اہلِ سنت، احسن الکلام فی مسئلۃ القیام اور البریلویہ کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ شامل ہیں۔ مکتبہ رضویہ اور مکتبہ قادریہ کے ذریعے دینی کتب کی اشاعت و ترویج میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔

آپ کی علمی زندگی کا ایک نمایاں وصف تحقیق میں گہرائی، تحریر میں پختگی اور دینی مسائل کے بیان میں وسعتِ مطالعہ تھا۔ آپ نے اپنی تحریروں، تدریس اور علمی کاوشوں کے ذریعے آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی علمی ورثہ چھوڑا۔

۱۳ اگست ۱۹۴۴ء کو مرزا پور، ضلع ہوشیار پور میں پیدا ہونے والی یہ عظیم علمی شخصیت یکم ستمبر ۲۰۰۷ء، ۱۸ شعبان المعظم ۱۴۲۸ھ کو لاہور میں اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملی۔

اللہ تعالیٰ حضرت علامہ عبدالحکیم شرف قادری رحمۃ اللہ علیہ کے درجات بلند فرمائے، ان کے فیوض و برکات کو جاری و ساری رکھے اور ان کے علمی ورثے کو تا دیر زندہ و تابندہ رکھے۔

آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ۔

آپ کی زندگی علم کی خدمت، فکر کی آبیاری اور عشقِ رسول ﷺ کے فروغ کی ایک روشن داستان ہے۔ آپ کا علمی و تحقیقی سرمایہ آج بھی طالبانِ علم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

’’علم و تحقیق کی وہ شمع جس کی روشنی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔‘‘

ہمارا عزم حضرت علامہ شرف قادری رحمۃ اللہ علیہ کے فیضان کو عام کرنا اور ان کی کتابوں کو ڈیجیٹل شکل میں ہر خاص و عام تک پہنچانا۔

مکمل احوال زندگی پڑھنے کے لئے کلک کریں